فیس بک پر پوک کی بجائے چار دیگر اشارے استعمال کریں

کیا آپ کو یاد ہے کہ فیس بک پر آخری بار اپنے دوست کو کب پوک کیا تھا؟

لاہور: (ویب ڈیسک) فیس بک جب عام ہوئی تو اس کا پوک فیچر بہت زیادہ استعمال کیا جاتا تھا مگر اب اس کا استعمال ختم ہونے کے قریب ہے لیکن فیس بک انتظامیہ چاہتی ہے کہ فیس بک صارفین دوبارہ سے پوک کا استعمال کرنا شروع کر دیں۔

اس کے لیے انہوں نے پوک کے علاوہ چار دیگر آپشن بھی متعارف کروائے ہیں جن میں آنکھ مارنا، ہاتھ ہلانا، ہائی فائیو اور گلے لگانا شامل ہیں۔ ان آپشنز کے نوٹیفکیشنز بھی بہت دلچسپ ہوں گے۔ مثلاً اگر کوئی اپنے دوست کو گلے لگنے یعنی ہگ کرنے والے آپشن پر کلک کرے گا تو دوست کی پروفائل پکچر کے دونوں اطراف دو بازو کے نشانات دکھائی دیں گے۔

اس کے علاوہ پوک کا آپشن اب موبائل ایپ پر کسی پروفائل کی ڈسپلے پکچر کے بالکل نیچے پیغام کی آپشن کے ساتھ نظر آئے گا۔ فیس بک نے پوک کی دسویں سالگرہ کے موقع پر یہ آپشن پیش کیے ہیں۔ اگر آپ غلطی سے یہ بٹن دباتے ہیں تو اسے فوری طور پر لائک ان لائک کی طرح واپس بھی لیا جاسکتا ہے۔

فیس بک صارفین کی ایک بڑی تعداد اس نئے فیچر کو پسند کر رہے ہیں۔ ایک صارف کے مطابق ان کا اپنے ایک فیس بک دوست سے صرف پوک کا رابطہ ہے۔


فی الحال پوک کے یہ نئے انداز برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، کولمبیا، فرانس اور تھائی لینڈ میں پیش کیے گئے ہیں تاکہ لوگ پوک کو نئے سرے سے دریافت اور استعمال کرسکیں۔ ان ممالک کے بعد یہ پوری دنیا میں متعارف کروائے جائیں گے۔

فیس بک کو پوک کرنے کی ان آپشنز کی وجہ سے محتاط بھی رہنا پڑے گا۔ ماضی میں پوک کی آپشن کو بھی خواتین کی ایک تعداد نے فلرٹنگ ٹول قرار دیا تھا۔ پاکستان میں اگر یہ آپشنز متعارف ہوتے ہیں تو خواتین کو ایک نئی قسم کی آن لائن ہراسگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اب بھی ٹویٹر پر کافی خواتین اس آپشن کے خلاف ٹویٹس کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں