فیفا ورلڈ کپ :پرتگال، یوراگوئے کامیاب، مراکش، سعودی عرب باہر

ماسکوو:پرتگال نے شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار کارکردگی کے باعث اور یوراگوئے نے سواریز کے گول کی بدولت بالترتیب مراکش اور سعودی عرب کو 1-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔روس کے دارالحکومت ماسکو کے لوزہنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اہم میچ میں رونالڈو نے اپنی کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے میچ کے ابتدائی لمحات میں گول کرکے پرتگال کو گروپ میں سرفہرست ٹیم بنا دیا۔ مراکش بھی اس شکست کے بعد عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ پرتگال نے اپنے پہلے میچ میں رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک کے باعث اسپین کے خلاف میچ کو برابر کرتے ہوئے ایک پوائنٹ حاصل کیا تھا۔مراکش کو پہلے میچ میں ایران سے ایک گول کی شکست ہوئی تھی لیکن ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور آخری لمحات میں اپنی غلطی کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔گروپ بی میں ایران دوسرے اور اسپین ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے تاہم دونوں آج آخری میچ کھیلیں گی جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورت حال واضح ہوجائے گی۔دوسرے میچ میں یوراگوئے نے لوئس سواریز کے گول کے باعث سعودی عرب کو 0-1 سے شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔یوراگوئے نے پہلے میچ میں مصر کو 0-1 سے شکست دے کر 3پوائنٹس حاصل کئے تھے اور دوسری کامیابی کے بعد پوائنٹس کی تعداد 6 کر لی تاہم بہترین کارکردگی کے باعث گروپ اے میں میزبان روس سرفہرست ہے۔لوئس سواریز نے میچ کے 23 ویں منٹ میں سعودی عرب کے خلاف گول کر کے ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچا دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں