قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکیئنگ کپ: یوکرینی اسکیئرز چھائے رہے

نلتر: تیسرے چیف آف دی ائیر اسٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکیئنگ کپ کے دوسرے دن یوکرین کے اسکیئرز مکمل طور پر چھائے رہے۔ انہوں نے پی اے ایف اسکی ریزورٹ نلتر میں منعقدہ مردوں اور عورتوں کی سلالوم کیٹیگری میں2،2پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔ مردوں کی سلالوم کیٹیگری میں تسبیلینکو لیوکو ناقابل تسخیر رہتے ہوئے پہلے نمبر پر اور ان کے ہم وطن ناریچن اینڈریے تیسرے نمبر پر رہے۔نلتر سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز ا سکیئر محمد کریم نے اسی کیٹیگری میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی سلالوم کیٹیگری میں بھی یوکرائن کی اسکیئرز نے کامیابی حاصل کی۔ تائکون تیتیانہ اور ایناسٹیسیا گوربنو وا بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہیں۔ پاکستانی اسکیئر جیا علی نے اس کیٹیگری میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔13 ممالک بشمول پاکستان،یونان، افغانستان، ترکی، یوکرائن ، ہانگ کانگ، برطانیہ ، بوسنیا ہرزوگوینا، بیلجئیم، مراکش ، کرغیزستان، آذ ربائیجان اور تاجکستان سے 40 بہترین اسکیئرز اس چیمپیئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان پاک فضائیہ کے تعاون سے ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور ان مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں