لاہور: اشرف جلالی کا 27 جنوری سے جیل بھرو تحریک شروع کرنیکا اعلان

لاہور: رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ کیلئے پیر سیالوی نے داتا دربار کے سامنے میدان سجا لیا۔ اشرف جلالی نے 27 جنوری کو پنجاب اسمبلی سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ کچھ لمحے ایسے آتے ہیں کہ باہر نکل کر غصے کا اظہار نہ کیا جائے تو عبادت ختم ہو جاتی ہے، ختم نبوت پر جس کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا، اس کا نام و نشان مٹ جائے گا، آج حجرے میں بیٹھے کا دن نہیں، باہر نکلنے کا دن ہے۔

اشرف آصف جلالی نے مزید کہا کہ 27 جنوری سے جیل بھرو تحریک شروع کریں گے، پیر حمید الدین سیالوی کو رانا ثناء اللہ جیسے شخص کی ضرورت نہیں، ختم نبوت کے معاملے پر حمید الدین سیالوی کا بھرپور ساتھ دیں گے، پیر حمید الدین سیالوی کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں، شہباز شریف صاحب آستانوں کو خریدنے کا کام بند کر دیں، چند مولویوں سے مرضی کا بیان دلوانے سے کچھ نہیں ہو گا۔

ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے مزید کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر دہری پالیسی نہیں چلے گی، ختم نبوت کے معاملے پر غداری کی گئی، ڈاکہ ڈالا گیا، کیا حکمرانوں کا کام فقط گولی سے لاشیں گرانا ہے؟ اگلا الیکشن ختم نبوت کے وفاداروں اور غداروں کے درمیان ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں