لیبیا کے شہر بن غازی میں دو کار بم دھماکے، 33 ہلاک 50 زخمی

طرابلس (مانیٹرنگ ڈیسک) لیبیا کے شہر بن غازی میں دو کار بم دھماکے کئے گئے ہیں جس کے نیتجے میں کم ازکم 33 افراد جاں بحق اور 50 دیگر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق مشرقی لیبیا کے دوسرے بڑے شہر بن غازی میں دو کار بم دھماکے ہوئے۔ پہلا دھماکہ السمانی نامی علاقے میں «بیعه الرضوان» مسجد کے قریب اس وقت کیا گیا جب لوگ نماز مغرب کے بعد مسجد سے باہر آرہے تھے۔

دوسرا دھماکہ بن غازی میں پاسپورٹ آفس کے باہرکیا گیا جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ دھماکے میں لیبیا کی وزارت اطلاعات کے اعلی اہلکار «احمد الفیتوری» بھی ہلاک ہوئے ۔

واضح رہے کہ سن دوہزار گیارہ میں نیٹو کی مداخلت اور معمر قذافی کی حکومت ختم ہونے کے بعد سے لیبیا انتہائی بدامنی کا شکار چلا آرہا ہے۔ لیبیا میں مختلف مسلح گروہ اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ داعش جیسے دہشت گرد گروہوں نے بھی تیل کی دولت سے مالامال اس ملک میں اپنے پنجے گاڑ دیئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں