ماضی میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم غیر منصفانہ تھی،ظفروال کی حالت زار اورسڑکیں دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی :عثمان بزدار

 ظفروال نارووال روڈ، شکرگڑھ روڈ اورشہرکی سڑکوں کی تعمیر ومرمت، گورنمنٹ کالج میں بی ایس سی آنرز کی کلاسوں کے اجراء کا اعلان
نیا پارک بنانے کا اعلان،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ظفر وال کی فوری تکمیل کیلئے فنڈز کا اجراء اورریسکیو 1122سروسز کو اپ گریڈکیاجائیگا
 لوگو ں کی والہانہ محبت دیکھ کر اپنا علاقہ یاد آ گیا،یوں لگ رہا ہے کہ میں ظفروال نہیں تونسہ میں ہی ہوں،  محرومیاں دور کرینگے
بعض شہروں میں فی کس ایک لاکھ روپے ترقیاتی فنڈز خرچ ہوئے، ظفروال اور تونسہ جیسے شہروں میں 3400 روپے فی کس خرچ کئے گئے
پائیدار ترقی کی بنیاد رکھ دی، نئے ہسپتال بنا رہے ہیں اور انہیں چلا کر بھی دکھائینگے،وزیراعلیٰ کاظفر وال میں عوامی اجتماع سے خطاب
سرداروں کا دل بڑا ہوتا ہے اورسردارعثمان بزدار کا بھی دل بھی بڑا ہے،لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں،صوبائی وزیراوقاف کا خطاب

ظفروال (سنہرا دور):   وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔ ظفروال کے لوگو ں کی والہانہ محبت دیکھ کر مجھے اپنا علاقہ یاد آ گیا ہے اور مجھے یوں لگ رہا ہے کہ میں ظفروال نہیں تونسہ میں ہی ہوں۔ ظفروال ایک سرحدی علاقہ ہے، اسی طرح تونسہ بھی ایک سرحدی تحصیل ہے۔ میں ظفروال کے لوگوں کی جانب سے والہانہ استقبال پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ظفروال کا علاقہ جغرافیائی لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن اس اہم علاقے کو بھی تونسہ کی طرح ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا۔ وہ آج ظفروال میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے یہاں کی سڑکیں اور دیگر حالات دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اس علاقے کو ترقی کے سفر میں اس کا حق نہیں دیا گیا۔ ماضی میں کچھ علاقوں پر پوری توجہ دی گئی اور وہ علاقے ترقی کرتے گئے لیکن اکثر علاقوں کو ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا۔ بلکہ ایک سروے کے مطابق کچھ شہروں پر فی کس ایک ایک لاکھ روپے خرچ کئے گئے اور کچھ شہروں جن میں تونسہ اور ظفروال جیسے علاقے شامل ہیں، ان پر 3400 روپے خرچ کئے گئے جو کہ ناانصافی ہے اور معاشرے میں ناانصافی سے بے چینی بڑھتی ہے۔ سابق حکمرانوں نے یکساں ترقی کے کھوکھلے نعرے لگائے اور ناانصافی کرکے معاشرے میں تفریق پیدا کی۔ ہماری حکومت نے یکساں ترقی کے مشن کو آگے بڑھایا ہے اور ہم کسی علاقے سے ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ پسماندہ علاقوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور ان علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جا رہے ہیں۔ میں خود بھی دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔ انشاء اللہ پنجاب کے چپے چپے جاؤں گا اور دفتر نہیں بیٹھوں گا۔ ظفروال کی محرومیاں دور کریں گے۔ سابق دور میں پل بنائے گئے، عمارتیں کھڑی کی گئیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ انہوں نے ان کی فلاح و بہبود پر توجہ نہیں دی۔ ناقص پالیسیوں کے باعث آج بھی کئی عمارتیں ویرانیوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔   ہسپتال بنائے گئے لیکن انہیں چلانے کیلئے وسائل نہیں دیئے گئے۔ ہم نے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ نئے ہسپتال بھی بنا رہے ہیں اور انہیں چلا کر بھی دکھائیں گے۔ میڈیکل کالجوں میں طلبا و طالبات کی 100 نشستیں بڑھائیں گے۔ کسانوں کو زرعی کریڈٹ کارڈ دیئے جائیں گے۔ کسانوں سے گندم خریدنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں۔ پنجاب اسمبلی نے نیا بلدیاتی نظام کا مسودہ منظور کر لیا ہے۔ اس بل سے بلدیاتی نظام میں بنیادی تبدیلی آئے گی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے چونکہ ہم ضلع کونسل اور یونین کونسل ختم کر رہے ہیں اور پنجاب میں 22 ہزار پنچائیت کونسلیں بنائی جائیں گی۔ ہر ڈویژن میں میٹرو پولٹین کارپوریشن کا قیام عمل میں لایاجائے گا۔ عوام بااختیار ہوں گے اور بلدیاتی نمائندے جوابدہ بھی ہوں گے۔ سابق بلدیاتی نظام میں بے پناہ خرابیاں تھیں، نئے نظام میں یہ خرابیاں دور کی گئی ہیں۔ چیک اینڈ بیلنس کا نظام رکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے ظفروال کی سڑکوں کی سفر کرکے دیکھ لیا ہے کہ یہاں بہت ابتر صورتحال ہے۔ وزیراعلیٰ نے ظفروال کے اندر تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ظفروال نارووال روڈ کی تعمیر و مرمت کا اعلان کرتے ہوئے اس سڑک کیلئے 20 کروڑ روپے مہیا کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل ظفروال میں ایک نئے پارک کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ظفروال سے شکرگڑھ روڈ کی تعمیر و مرمت کا اعلان کیا جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج میں بی ایس سی آنرز کی کلاسوں کے اجراء کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ ظفروال میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال موجو دنہیں اور یہاں پر عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے دیہی مرکز صحت ہے۔ میں آج تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ظفروال کو فوری طور پر مکمل کرنے کیلئے فنڈز کے اجراء کا اعلان کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے ظفروال میں ریسکیو 1122 کی سروسز کو بھی اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ ظفروال بار کیلئے 5 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ظفروال پریس کلب کیلئے بھی جگہ دیں گے۔ عوامی اجتماع سے صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن شاہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار آج اپنے گھر آئے ہیں جس طرح تونسہ اور بارتھی سردار عثمان بزدار کا حلقہ ہے، اسی طرح ظفروال بھی آپ کا اپنا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرداروں کا دل بڑا ہوتا ہے اور سردار عثمان بزدار کا دل بھی بڑا ہے۔ آپ سے لوگ محبت کرتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں ظفروال کے مسائل حل ہوں گے اور علاقے کی حالت بدلے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما نعمت علی جاوید، ڈاکٹر طاہر علی جاوید، سجاد حسین، کرنل (ر) جاوید، ندیم نثار، خضر ورک، عارف منہیس اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں