مالدیپ: ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد چیف جسٹس گرفتار

مالے(ویب ڈیسک): مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین کی جانب سے پارلیمنٹ کی معطلی اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پولیس نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت 2 ججز کو حراست میں لے لیا۔صدر عبداللہ یامین نے شدید سیاسی بحران کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا جس کے چند گھنٹے بعد ہی پولیس اور فوجی دستے سپریم کورٹ میں داخل ہوئے جہاں چیف جسٹس عبداللہ سعید اور ایک اور جج علی حمید کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کو تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے گرفتار ججز سے تفتیش اور ان پر عائد الزامات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔مالدیپ حکومت نے سیکیورٹی فورسز کو سپریم کورٹ کی جانب سے صدر عبداللہ یامین کی گرفتاری یا مواخذے پر عمل نہ کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ خیال رہے کہ مالدیپ میں اس وقت سیاسی بحران نے جنم لیا جب سپریم کورٹ نے 2 فروری کو اپنے ایک فیصلے میں جلاوطن سابق صدر محمد نشید کا ٹرائل غیر آئینی قرار دے کر گرفتار 9 ارکان پارلیمنٹ کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں