راولپنڈی: مثبت اور تعمیری سوچ ہی عملی زندگی میں کامیابی کا واحد راستہ ہے، گورنر پنجاب ملک محمدرفیق

گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ کا ہائی ٹیک یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن میں خطاب

راولپنڈی (سنہرادور) : گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ جدید علوم سے آراستہ اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار نوجوان نسل پاکستان کا اصل چہرہ ہیں اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور اس بات کی گواہی ہیں کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اور تعمیری سوچ ہی عملی زندگی میں کامیابی کا واحد راستہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائی ٹیک یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز ہائی ٹیک یونیورسٹی جنرل محمد نعیم اشرف ، وائس چانسلر بریگیڈیئر قمر زمان ، فیکلٹی ممبرز اور ڈگری حاصل کرنے والے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی.

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں مایوسی پھیلانے والے عناصر ہماری نوجوان نسل کو گمراہ نہیں کرسکتے کیونکہ نوجوان ملک کو درپیش اور عصرحاضر کے چیلینجز سے نبردآزما ہونے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی لازوال قربانیوں کے ساتھ ساتھ پولیس اور عام شہریوں نے جان کے نذرانے پیش کرکے ملک میں امن قائم کیا ہے اور دہشت گردی کو ناکام بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم بچوں اور باچہ خان یونیورسٹی کے نوجوان طلباء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتی جن کی وجہ سے ملک میں امن کی فضاء برقرار ہوئی جس کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے اور ڈگریاں حاصل کرنے والے نوجوانوں کو چاہیئے کہ عملی زندگی میں قدم رکھتے ہوئے پاکستان کے احسان کو کبھی نہ بھولیں اور ملک کے غریب عوام کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم کا ساتھ دیا اور آج سی پیک جیسے عظیم منصوبے کے ذریعے چین پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور تعلیم کے میدان میں بھی ہائی ٹیک یونیورسٹی کے ذریعے دو لاکھ ڈالرز مالیت کاایجوکیشن فنڈ فراہم کر رہا ہے ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف گورنرز ہائی ٹیک یونیورسٹی جنرل محمد نعیم اشرف نے کہا کہ ہائی ٹیک یونیورسٹی نے قلیل مدت میں تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور برطانیہ ، ترکی اور ملائیشیا کی یونیورسٹیوں سے باہمی تعلیم و تحقیق کے معاہدے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک یونیورسٹی ایشیا ٹیکنالوجیکل نیٹ ورک کی ممبر بھی جو کہ ایشیا کی 18 ممالک کی یونیورسٹیوں پر مشتمل ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں