محکمہ موسمیات کی ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی

اتواراور پیر کو شمالی بلوچستان، بالائی سندھ میں چند مقامات پر جبکہ پیر سے بدھ کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد: (سنہرادور آن لائن) خشک سردی کے ستائے شہریوں کے لئے خوشخبری، محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ پیراور منگل کو مری، گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا امکان ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد ہے، جڑواں شہروں میں آج کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری، پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتواراور پیر کو شمالی بلوچستان، بالائی سندھ میں چند مقامات پر جبکہ پیر سے بدھ کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری کی پیشنگوئی بھی کی گئی ہے۔ آئندہ ہفتے سے سندھ اور بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں