مریم کیلئے سیاست میں جگہ موجود ہے ،شاہد خاقان

لاہور…سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن کے اتحاد کو ملک کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں جمود نہیں ہوتا ،مقصد نہیں بدلنا چاہیے ۔ملک کو جتنا نقصان نیب نے پہنچایا اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔فوجی عدالتوں میں توسیع مشکل فیصلہ ہے۔حکومت معاملے پر پارلیمنٹ میں آکر بات کرے ۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جماعتی اور نہ ہی حکومتی عہدہ رکھا ہے۔ اس کے باوجود عام کارکن انہیں اہمیت دیتے ہیں۔ان کےلئے سیاست میں جگہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ ضرور ہونا چاہیے لیکن اس کے لئے جو طریقہ اپنایا جا رہا ہے اس سے مقصد حاصل نہیں ہو گا کیونکہ اسے انتقامی کارروائی سمجھا جا رہا ہے۔ نیب ایک کالا قانون ہے اس کے قوانین میں تبدیلیوں کے لئے تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ضروری ہے۔ نیب نے آج تک کسی ایک بھی شخص کو سزا نہیں دی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت کوئی بھی بیوروکریٹ کام کرنے پر تیار نہیں کیونکہ اسے نیب اور عدالتوں کا غیرضروری خوف ہے۔ شاہد خاقان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صرف باتیں کی ہیں۔ انہوں نے کوئی کارکردگی دکھائی اور نہ ہی حکومت کی کوئی سمت نظر آئی ہے۔انہوں نے جھوٹ بول کر معیشت کو کسادبازاری کا شکار کر دیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں