مسائل عارضی ہیں، عوام جلدریلیف محسوس کریں گے:عثمان بزدار

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے آج پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وفاقی پارلیمانی سیکر ٹری ریلویز فرخ حبیب نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں اورعوامی خدمت کے سفرکوجاری رکھیں گے۔ سرکار ی محکموں کی استعداد میں اضافہ اور ان کی کارکردگی بہتربنانے کیلئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا ادراک رکھتے ہیں اور ان کے حل کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت نظام کی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔ مختصر مدت میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے کیلئے مشکل فیصلے کیے،جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔مسائل عارضی ہیں، ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے اور عوام جلدریلیف محسوس کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے اور حکومتی امور میں سادگی لانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ عوام کے ٹیکسوں کی رقم کو پوری دیانتداری سے خر چ کیا جا رہاہے۔ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے ووٹ دیئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف عوام سے کئے وعدے پورے کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں