ملالہ 5 سال بعد سوات پہنچ گئیں

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سوات پہنچ گئیں، وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر اسلام آباد سے سوات پہنچی ہیں۔

ملالہ یوسف زئی کی سوات آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ سوات کے دورے کے دوران اپنے آبائی گھر بھی جائیں گی اور اپنی سہیلیوں سے بھی ملاقات کریں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملالہ یوسف زئی سوات میں فضہ گھاٹ اور کیڈٹ کالج سوات بھی جائیں گی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب بھی دورہ سوات میں ملالہ یوسف زئی کے ہمراہ ہیں۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی 5 سال بعد اپنے آبائی علاقے سوات پہنچی ہیں، پانچ برس قبل ان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں زخمی ہونے کے بعد وہ برطانیہ علاج کے لیے منتقل ہوگئی تھی۔

ملالہ صحت یاب ہونے کے بعد جان کا خطرہ ہونے کی وجہ سے برطانیہ میں ہی مقیم ہیں، اس دوران انہوں نے امن کا نوبل انعام بھی حاصل کیا جبکہ مختلف ممالک کا دورہ کیا وہاں لیکچرز دیے اور اہم شخصیات سے ملاقات کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں