ملک بھر یوم ولادت باسعادت شایان شان انداز میں منایا گیا

کراچی : ملک بھر یوم ولادت باسعادت شایان شان انداز میں منایا گیا، چھوٹے بڑے شہروں میں بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کیلئے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔
یوم ولادت باسعادت پر شہر شہر جگ مگا اٹھا، سڑکیں،چوراہے،عمارتیں سبز روشنی سے منور ہوئیں شہر شہر بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔
عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر ملک بھر میں مختلف محافل میلاد، جلوس، ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا، اس دوران عاشقان مصطفے صلی اللہ علیہ والہ وسلم اپنے اپنے انداز سے گلہائے عقیدت پیش کرتے رہے۔
کراچی میں بھی عید میلاد النبی ﷺ پر فضائیں درود وسلام کی صداؤں سے گونجی ۔ عاشقان رسول نے مسجدوں ، گھروں ، سرکاری عمارتوں کو قمقموں سے سجائے رکھا اور تمام مناظر رنگ برنگی روشنیوں سے جھلملا اٹھے۔
راولپنڈی شہر میں میلاد کے 2 بڑے جلوس شہراورکینٹ سے نکالے گئے جب کہ ملک بھرمیں پولیس اورانتظامیہ نے بھی جلوسوں اور دیگرتقاریب کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے۔
بارہ ربیع الاول پرسیکیورٹی اقدامات کے تحت کراچی ، حیدرآباد سمیت کئی شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کی گئیں۔ شہر قائد میں پولیس اور رینجرز کے پانچ ہزار اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی کے جلوسوں کیلئے سخت سیکیورٹی انتطامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکارتعینات کیے گئے تھے۔ جلوسوں کے روٹ پر ریسکیو ٹیمیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ، فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں