ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی عروج پر، اسکردو میں جھیلیں جم گئیں

استور میں درجہ حرارت منفی 10، کالام میں منفی 8 اور قلات میں منفی 5 تک گر گیا، پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں ہلکی دھند آج بھی چھائی رہی۔

اسلام آباد: (سنہرادور آن لائن) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کا راج برقرار ہے، اسکردو میں جھیلیں جم گئیں۔ استور میں درجہ حرارت منفی 10، کالام میں منفی 8 اور قلات میں منفی 5 تک گر گیا۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں ہلکی دھند آج بھی چھائی رہی۔

بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مزید گر گیا۔ اسکردو میں شدید سردی پڑ رہی ہے جس کے باعث جھیلیں جم گئیں، سیاح موج مستی کیلئے پہنچ گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج استور میں پارہ منفی 10، اسکردو منفی 8، دیر منفی 6 اور قلات میں منفی 5 ریکارڈ گیا۔

ملک کے دیگر شہروں میں سردی کا راج ہے، اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت ایک، لاہور 6، پشاور 4 اور کراچی میں 14 ڈگری رہا۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں کمی آگئی۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، مکران ڈویژن، بالائی فاٹا میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں