موٹروے پر دھند کا کہاں کہاں راج؟

پنجاب اور خیبر پختون خوا میں دھند کا راج ہے بالخصوص موٹر وےاس دھند کے باعث سفر کرنے والوں کے لیے جان کا خطرہ بن گئی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں،موٹر وے حکام کا کہنا ہے کہ شہری بلا ضرورت سفرکرنے سے اجتناب کریں۔

لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی دھند کے سلسلے نے میدانی علاقوں کواپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ، مانگا منڈی، پھول نگر، جمبر اور پتوکی میں قومی شاہراہ پر دھند چھائی ہوئی ہے، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں کے علاقوں میں بھی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹر وے پر حد نگاہ صفر سے 30 میٹر تک رہ گئی ہے، ایم ٹو لاہور سےکوٹ مومن، فیصل آباد اور گوجرہ تک شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔

موٹر وے ترجمان سید عمران علی کے مطابق قومی شاہراہوں اور موٹروے پر دھند ہے ، خانیوال ملتان موٹروے اور ہائی وے پر شدید دھند جبکہ خانیوال ملتان میں حد نگاہ صفر سے 100 میٹر تک ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث شیخوپورہ نارووال روڈ پر نارنگ منڈی کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے جبکہ قصور گنڈاسنگھ روڈ پر شدید دھند کے باعث دو موٹر سائیکلوں کی ٹکرسے ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے ۔

ادھر خیبر پختون خوا میں بھی حد نگاہ کم ہونے کے باعث ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند ہے، ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کا شہریوں سے یہ بھی کہنا ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، جبکہ مشکل صورت حال میں شہری ہیلپ لائن 130پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں