’مہاتیر محمد وہ کہہ دیتے ہیں جسے دیگر مسلم لیڈرز کہنے سے ڈرتے ہیں‘

وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ وہ بات کہتے ہیں جو دیگر مسلمان لیڈرز کہنے سے ڈرتے ہیں۔

اسلام آباد میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ایسا صرف اس لئے ہے کہ ان میں سے اکثر لیڈر نہیں صرف آفس ہولڈرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیڈرز وہ ہوتے ہیں جن کا نظریہ ہوتا ہے اور وہ مورال ایشوز پر کھڑے ہوتے ہیں،بدقسمتی سے دیگر رہنما اسٹینڈ نہیں لیتے،وہ سب کو خوش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مہاتیر محمد کا دورہ پاکستان مسرت کا باعث ہے،ملائیشیا کی ترقی میں انہوں نے نمایاں کردار ادا کیا،کوئی شک نہیں کہ انہوں نے ملائیشیا کو بدل دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک غریب نہیں ہوتے، کرپشن انہیں غریب بنا دیتی ہے، کرپشن ہی ریاستی اداروں کو تباہ کرتی ہے اور وہ رقم جو انسانی فلاح پر خرچ ہونی چاہیے کرپٹ اشرافیہ کےہاتھوں منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر منتقل ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف آپ کے موقف کو دیکھتے رہے ہیں، آپ نے مجھے کتاب بھی دی، میں جسے پڑھنے کو بےتاب ہوں، میری جماعت نے 22 سال پہلے کرپشن کے خلاف مہم شروع کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں