میڈیا میں شائع ہونے والی صوبائی وزراء کی کارکردگی کی رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں – فیاض الحسن چوہان

لاہور30جنوری:……وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اخبارات میں شائع ہونے والی پنجاب کے وزراء کی کارکردگی کے متعلق رپورٹ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے-
آج اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی مختلف محکموں کے لئے مختص شدہ فنڈز کے استعمال کی بنیاد پر وزراء کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے 20سے زائد وزراء کے نام سی کیٹیگری میں ڈا ل کر ان کی کارکردگی کو کم تر ثابت کرنے کی کوشش کی ہے- صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسی کسی رپورٹ کا نہ کوئی وجود ہے اور نہ ہی ایسی پورٹ کسی بھی ہائر فورم یا پرائم منسٹر سیکرٹریٹ کو بھیجی جارہی ہے- انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی وزراء وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں بہترین انداز میں احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے وزیر اعجاز عالم بھی احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور ان کی کارکردگی کم ہونے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر بالکل غلط ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مذکورہ رپورٹ کی بنیاد پر کسی بھی وزیر کو تبدیل کرنے کی خبر میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں