نئے پاکستان میں قانون سے تجاوز کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت

لاہور ……صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ہم غم اور سوگ اس کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان او ر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار صاحب کی قیادت میں ہم خلیل کے بچوں سے یہ عہد کرتے ہیں کے سانحے کے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ پی ٹی آئی انصاف کی علمبردار جماعت ہے۔ ہم سابق حکومت کی طرح جے آئی ٹی رپورٹ کو صرف دفتری ریکارڈ کی زینت نہیں بنائیں گے بلکہ نامزدملزمان کو ایسی سزا دیں گے جس بعد کوئی پولیس اہلکار وردی کی آڑ لے کر کسی کی جان مال اور آبرو سے نہ کھیل سکے۔ لہٰذا جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ کے تناظر میں فیصلے کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے آج اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان بزدار نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور بہتر گھنٹے کے اندر اندر ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کے اعلان پر عمل درآمد کر کے دکھایا۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ نئے پاکستان میں قانون سے تجاوز کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ حکومت پنجاب انصاف کے وعدے کے ساتھ کھڑی ہے۔ قانون کی بالادستی عمران خان کی حکومت کا پہلے دن سے وعدہ ہے۔ عوام اور میڈیا کی اس بات کی تسلی رکھے کہ اس سانحے کو ہم ماڈل ٹاؤن کیس اور نقیب اللہ محسود کے کیس کی طرح طویل نہیں کریں گے اور نہ اس پر مٹی ڈالیں گے۔ انشااللہ جن اہلکاروں نے موقع پر ظلم اور بربریت کی مثال قائم کی ان کو قانونی تقاضے پورے کر کے نشان عبرت بنادیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں