نادر فن پارے تخلیق کرنے والے آرٹسٹ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں : فیاض الحسن چوہان

راولپنڈی 10-فروری( سنہرا دور ) پنجاب کے وزیراطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ قلم، برش اور رنگوں کی مدد سے آرٹ کے نادر فن پارے تخلیق کرنے والے آرٹسٹ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں – ان کے فن کے فروغ کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی –
انہوں نے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل میں فائن آرٹ کے سینئر آرٹسٹوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی – ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے – فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فائن آرٹ کے شعبہ سے منسلک ادارے پینٹنگ اور فنون لطیفہ کے فروغ اور ترویج و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور آرٹسٹوں نے اپنے فن اور خدا داد صلاحیتوں سے فن کے نادر نمونے تخلیق کئے ہیں – انہوں نے کہا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل میں ”آرٹ بازار“ منعقد کیا جائے تاکہ آرٹسٹوں کو اپنی تخلیقات لوگوں تک پہنچانے کے لئے پلیٹ فارم میسر آ سکے – ملاقات کے دوران آرٹسٹوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور آرٹ کے فروغ کے لئے متعدد تجاویز پیش کیں – صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان سے ملاقات کرنے والے آرٹسٹوں کے وفد میں سید نجم الحسن کاظمی، محمد عظیم اقبال، ناہیدہ رضا، عارف خان، الطاف حسین، عمران سومرو، حاجی خالد پرویز، شکیل مرزا، وقاص احمد شائق، خرم شہباز بابری، یونس رومی، شہزاد احمد، اظہر حسین، شرافت حسین اور ارشد محمود شامل ہیں –

اپنا تبصرہ بھیجیں