نوازشریف ”میکاولی“ اور ”چانکیا“ کی سیاست کھیل رہے ہیں: چوہان

راولپنڈی 10-فروری( ) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو صحت کا بہانہ بنا کر پتلی گلی سے لندن راہ فرار کا موقع نہیں دیں گے – انہوں نے کہا کہ نوازشریف ”میکاولی“ اور ”چانکیا“ کی سیاست کھیل رہے ہیں، پہلے انہوں نے خود ہی واویلا مچا کر میڈیا میں جیل سے ہسپتال منتقل ہونے کی ضد کی اور پھر دنیا نے دیکھا کہ آل شریف، مریم نواز اور مسلم لیگ کی قیادت نواز شریف کی ہسپتال سے جیل منتقل ہونے کی ضد کرتے نظر آئے لیکن ان کا یہ پلان کامیاب نہیں ہوگا-
راولپنڈی میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت قوائد و ضوابط کے مطابق جیل اور ہسپتال میں نوازشریف کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، انہیں علیحدہ کمرہ اور تمام تر مطلوبہ سہولیات میسر ہیں، انہیں ضرورت کے مطابق طبی سہولیات بھی میسر ہیں لیکن گذشتہ دو تین روز سے نوازشریف کو ان کے ذاتی معالج اور مریم نوازنے قید تنہائی میں رکھنے کا شور مچانا شروع کر دیا ہے – صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ اگر نوازشریف کو جیل میں 50، 60 خطرناک قیدیوں کے ساتھ رکھا جاتا تو پھر آل شریف کی طرف سے واویلا مچایا جاتا کہ ان کی عزت و تکریم کا خیال نہیں رکھا جا رہا – انہوں نے کہا کہ درحقیقت کبھی ہسپتال اور کبھی ڈیل اور کبھی کوئی بہانہ بنا کر نوازنوازشریف کسی بھی صورت لندن بھاگنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ آرزو پوری نہیں ہوگی- اس مقصد کے لئے مریم نواز اور لیگی قیادت روزانہ میڈیا کے سامنے آ کر مظلوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم انسانی ہمدردی کی بناء پر انہیں جیل اور ہسپتال میں ہر سہولت فراہم کر رہے ہیں لیکن کسی بھی بہانے سے ان کی لندن فرار کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی –

اپنا تبصرہ بھیجیں