نواز ،عمران کی سیاست اور منافقت میں فرق نہیں، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان طالبان کا بچھڑا ہوا بھائی اور نوازشریف کی توسیع ہے،دونوں کی سیاست اور منافقت میں کوئی فرق نہیں،میاں صاحب تسی بہت کنفیوز ڈہو۔

گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 39ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف ووٹ کو عزت دو کی تحریک چلاتے ہیں تو مجھے ہنسی آتی ہے ۔

ان کا کہناتھاکہ نوازشریف مولا جٹ بن کر ججز کو دھمکیاں دے رہے ہیں،وہ صبح عدلیہ کو گالیاں دیتے ہیں اور شام کو اپنے وزیراعظم کو معافی کےلئے بھیج دیتے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کے جھنڈے پر یوٹرن لکھا ہے،میاں صاحب کو تین موقعے ملے لیکن ان سے ملک نہیں چلا،کہتا ہوں یہ آپ کے بس کی بات نہیں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ عوام کو اس سے غرض نہیں کہ ’کسی کو کیوں نکالا ؟انہیں صرف اپنے مسائل کے حل کی فکر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ نواز اور عمران نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کچھ کام کیا ہوتا تو پیپلز پارٹی کیخلاف پراپیگنڈہ نہیں کرتے۔

انہوں نےکہا کہ پوری زندگی ووٹ کی عزت نہیں کی وہ آج ووٹ کی عزت کی بات کرے تو یہ مزاق نہیں تو کیا ہے؟ نواز شریف اور عمران خان ایک دوسرے کو اقتدار کیلئے نیچا دکھا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں