نواز شریف نظریہ کرپشن کا نام ہے، عمران خان

بہاولنگر (سنہرادور آن لائن) : چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں خیبرپختونخوا کی پولیس میرٹ پر تیار کی، جس نے پشاور میں کارنامہ دکھایا، ملک بھر میں پولیس کو میرٹ پر لانا ہوگا، چشتیاں میں جلسے سے خطاب میں گولے کہ نواز شریف واقعی ایک نظریے کا نام ہے لیکن یہ نظریہ کرپشن ہے۔
تحصیل بہاولنگر کے علاقے چشتیاں میں پاکستان تحریک انصاف نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے خطاب کرتے ہوئے مخالفین پر خوب گولہ باری کی، ساتھ ہی خیبرپختونخوا پولیس کیلئے تعریفوں کے پل بھی باندھ دیے۔
پی ٹی آئی سربراہ بولے کہ آج تک پختونخوا میں پولیس کیخلاف کوئی شکایت نہیں ملی، کے پی پولیس نے زرعی ڈائریکٹوریٹ حملے کے دوران بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑا قتل عام ہونے سے بچالیا، ہماری کوشش ہے کہ پولیس میں تبادلے اور پرموشن میرٹ پر ہوں، ہماری حکومت آئی تو ملک کی پولیس کو میرٹ پر لے آئیں گے اور سیاسی مداخلت ختم کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کمزور کو انصاف نہیں ملتا، طاقتور کو پولیس نہیں پکڑتی، پولیس عوام کی دشمن بن جاتی ہے، عوام پولیس سے ڈرتے ہے، پنجاب میں سارے ایس ایچ اوز کا تبادلہ رائے ونڈ سے ہوتا ہے، حمزہ شہباز اورمریم نواز پولیس افسروں کے تبادلے کرتے ہیں۔
عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو میر جعفر اور میر صادق سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے ختم نبوت قانون کو چھیڑنے کی کیا ضرورت تھی؟ کیا دباؤ تھا؟ کس کو خوش کرنے کیلئے قانون میں تبدیلی کی؟، میں دعوے سے کہتا ہوں کہ نواز شریف کرپشن کا پیسہ بچانے کیلئے کوئی بھی سمجھوتہ کرسکتے ہیں، نواز شریف اپنی ذات اور رقم کی خاطرعدلیہ کو تباہ کرنے کو تیار ہیں، خواجہ آصف 16 لاکھ روپے مہینے تنخواہ لے رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ حدیبیہ پیپر مل کیس میں پورے شریف خاندان کا نام ہے، خواجہ آصف نے دبئی میں جعلی کمپنی کے ساتھ کنٹریکٹ سائن کیا ہے، ملک کا وزیر خارجہ دوسرے ملک میں کسی کمپنی سے تنخواہ لے رہا ہے جبکہ وزیر داخلہ احسن اقبال کے پاس سعودی عرب کا اقامہ ہے۔ انہوں نے چیئرمین نیب سے درخواست کی کہ وہ احسن اقبال کا اقامہ چیک کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں