نواز شریف کا سیاسی باب بند ہو گیا ہے: خورشید شاہ

سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا جھنڈا پاکستان سے وفا اور آئندہ نسلوں کے روزگار اور جمہوریت کی ضمانت ہے، ہم نے دھرتی کی خاطر اپنا خون دیا ہے اس لئے پیپلز پارٹی کا پرچم اہم ہے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنیوالے کبھی نہ سوچیں کہ پیپلز پارٹی دھوکہ دے گی، پیپلز پارٹی ملکی سالمیت اور پاکستان کیلئے سوچتی ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ مجھ سے سوال پوچھا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں کورم ہوتا ہے، پارلیمنٹ نہیں ہوتی کیا بات ہے؟ میں نے کہا کہ نواز شریف سے کہتا رہا کہ میاں صاحب پارلیمیٹ سے مت بھاگو، میاں صاحب! چلو آپ نہیں پارلیمنٹ میں آتے مگر اراکین کو پابند کریں لیکن انہوں نے بات نہیں مانی، آج میاں صاحب کہتے پھرتے ہیں “مجھے کیوں نکالا”؟
ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں جنگ لگی ہوئی ہے، عدالتوں سے باہر میڈیا پر جنگ لگی ہوئی ہے، چیف جسٹس کو میڈیا پر آ کر وضاحتیں دینا پڑتی ہیں، چیف آف آرمی سٹاف کو سینیٹ میں آ کر وضاحتیں دینا پڑتی ہیں کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ تو نہیں؟ جمہوریت چلے گی، ضرور چلے گی لیکن اگلا وزیر اعظم بلاول ہو گا یا شہباز شریف یا عمران، یہ فیصلہ عوام کرے گی۔
خورشید شاہ نے مزید کہا کہ کیا پانامہ پیپرز اور نواز شریف کے بچوں کے کاروبار ایجنسیوں کے پیدا کردہ ہیں؟ پیپلز پارٹی فاٹا کے عوام کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنائے گی، فاٹا انضمام کی تاریخ پیپلز پارٹی لکھے گی اور ہم نے لکھی بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں