نیب کو حمزہ کی گرفتاری سے تاحکم ثانی روک دیا گیا

لاہور ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری سے تاحکم ثانی روک دیا۔

عدالت نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 17 اپریل تک توسیع کر تے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل حمزہ شہباز درخواست ضمانت کی سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ پہنچے جہاں جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔

پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے ہفتے کو حمزہ شہباز کی 2 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی ۔

قومی احتساب بیورو (نیب)کی ٹیم جمعے اور ہفتے کو دو بار حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے میاں شہباز شریف کی ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع رہائش گاہ پہنچی تھی تاہم دونوں دن نیب کی ٹیم کو حمزہ شہباز کو گرفتار کیے بغیر واپس آنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں