’’نیب کی جانب سے غلط خبر میڈیا کو جاری کی گئی ‘‘

حمزہ شہباز کے ترجمان عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے تحریری طورپر غلط خبر میڈیا کو جاری کی گئی کہ عدالت نے پولیس کی مدد فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کی غلط تشریح کرنا اور جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ اس اقدام سے پی ٹی آئی حکومت اور ڈی جی نیب کی ملی بھگت قوم کے سامنے آگئی ہے، غلط خبر کے ذریعے عدالتی وقار اور ساکھ مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور نیب کی جھنجھلاہٹ اور مایوسی صاف عیاں ہے،جھوٹ پر مبنی بیانیہ بے نقاب ہو گیا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ثابت ہوگیا کہ حکومت اور نیب کسی حد تک بھی جاسکتے ہیں، عدالتی فیصلے کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔

حمزہ شہبازکے ترجمان نے مزید کہا کہ معزز جج کے ریمارکس سے ثابت ہوگیا کہ نیب اور حکومت نے تماشہ کسی اور مقصد کے لیے لگایا۔

واضح رہے کہ آج آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیسز کی سماعت کے موقع پر لاہور کی احتساب عدالت کے جج نے غلط خبر پر اظہار برہمی بھی کیا۔

عدالت نے حمزہ شہباز کی گرفتاری اور گھر پر چھاپے میں پولیس معاونت فراہم کرنے کی نیب کی درخواست مسترد کردی تھی۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر مقدمے کی سماعت کے دوران معزز جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت سے منسوب کر کے غلط خبر چلائی گئی کہ درخواست منظور کرلی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں