ن لیگ کا ناراض ساتھیوں کو منانے اور باغیوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

اسلام آباد :(سنہرادور آن لائن) الیکشن 2018ء کیلئے ن لیگ نے کمر کس لی، پیر پگارا، اسفند یار اور جیالوں کو منانے کی ذمہ داری شاہد خاقان عباسی کے سپرد کردی گئی، سی ای سی نے پارٹی کے نئے باغی ظفر اللہ جمالی اور رضا حیات ہراج کیخلاف انضباطی کارروائی کا اعلان بھی کردیا۔
مسلم لیگ ن کی نئی مرکزی مجلس عاملہ کی پہلی ہی بیٹھک میں بڑے فیصلے کئے گئے، انتخابی تیاریوں کا بگل بجا دیا گیا، سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور پیرپگارا، اسفند یار ولی، آفتاب شیرپاؤ اور پیپلزپارٹی کو منانے کا ٹاسک وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دے دیا گیا۔
سینیٹر مشاہد اللہ خان کہتے ہیں ہم بھرپور طریقے سے آئندہ الیکشن میں جائیں گے اور عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی، کچھ پارٹیوں کے ساتھ رابطہ کرنے پر بھی گفتگو ہوئی، نواز شریف کو الجھا کر بیمار اہلیہ سے دور رکھا گیا، اور ساتھ ہی محاذ آرائی کا الزام بھی دھرا جارہا ہے۔
لیگی رہنماء نے یہ بھی بتا دیا کہ پارٹی کے باغیوں کی اب خیر نہیں، ظفر اللہ جمالی اور رضا حیات ہراج کیخلاف کارروائی ہوگی۔
مشاہد اللہ کے مطابق نواز شریف ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور پارٹی ان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں