وائٹ ہاؤس کی ٹرمپ کے عمران خان کو خط بھیجنے کی تصدیق

وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط بھیجے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔

ترجمان نیشنل سیکیورٹی کونسل نے خط کی تفصیل بتائے بغیر کہا ہے کہ امریکی صدر کے خط میں پاکستان سے افغان امن عمل کےلیے مکمل حمایت کی درخواست کی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ خط میں پاکستان سے افغان مصالحت کےلیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے ساتھ تعاون پر زور دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق خط میں واضح کیا گیا ہے کہ افغان امن عمل میں پاکستان کی مدد پاک امریکا شراکت کےلیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، پاکستان میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر طالبان کے ٹھکانے نہ بننے دے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہیں افغانستان میں پائیدار امن کے سلسلے میں کردار ادا کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

اس بات کا انکشاف وزیراعظم عمران خان نے پیر کو بعض ٹی وی اینکرز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں