وزیر اعظم سے وزیرخارجہ کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق دورانِ ملاقات الیکشن کمیشن اراکین کے تقرر کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر سے رابطے کے لیے وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کو منا لیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم آفس نے سندھ اور بلوچستان سےالیکشن کمیشن کے 2 اراکین کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھ دیا، پہلے یہ خط شاہ محمود نے لکھا تھا جسے اپوزیشن نے ماننے سے انکار کر دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر وزیر اعظم نے شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن سے دوبارہ رابطے کی ہدایت کی اور کہا کہ اجلاس کے حوالے سے اپوزیشن کے تحفظات دور کیے جائیں، اپوزیشن رہنما جہاں چاہیں انہیں بریفنگ دی جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے وزیراعظم ک ہدایت پر انہیں کہا کہ اپوزیشن کو قائد حزب اختلاف کے چیمبرمیں بریفنگ دینے کو تیار ہوں، پارلیمانی رہنماؤں کے علاوہ پورے ایوان کو بھی بریفنگ دینے کو تیار ہوں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس نے الیکشن کمیشن اراکین کے لیے بلوچستان سے راجا عامرعباس، محمود رضا اور صلاح الدین مینگل کے نام جبکہ سندھ سے ندیم قریشی، جسٹس (ر) عبدالغفور میمن اور جسٹس (ر) نور الحق قریشی کے نام تجویز کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں