وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے، سردار تنویر الیاس خان

راولپنڈی: چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈپنجاب سردار تنویر الیاس خان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے قومی ترقی اور معاشی خوشحالی کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کار ی کے فروغ کیلئے پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ کو ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا، انہوں نے کہاکہ غربت کا خاتمہ اور روز گار کی فراہمی صرف سرمایہ کاری زرعی و صنعتی ترقی سے ہی ممکن اور ان مقاصدکے حصول کے لئے ہر ممکن جد و جہد کریں گے۔ انہوں نے سرمایہ کاری بورڈ میں افسران کے ایک اجلاس اور بورڈ کے مختلف شعبوں کے دورے کے دوران کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں، ان سے فائدہ اٹھا کر قومی معیشت کو مستحکم کیا جاسکتا ہے جس کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے اور تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے تعاون سے ایک پنجاب میں ٹریڈ فرینڈلی ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا جس میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات حاصل ہوں گی۔سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے اور ہم وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں ریکارڈ سرمایہ کاری لائیں گے۔ اپنے دورے کے دوران چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ ہنر مند افراد ی قوت اور پڑھے لکھے نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور صوبے میں سرمایہ کاروں اور تاجربرادری کے تعاون سے اقتصادی ترقی کی مثال قائم کریں گے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گا اور ان کی معاونت سے ایسی پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی جو قومی ترقی کی پیش خیمہ ثابت ہوں گی، انہوں نے کہا کہ بورڈ کے افسران اور سٹاف ممبران قومی خدمت کے جذبے سے کام کریں، بہت جلد پنجاب سرمایہ کاری کا مرکز ہو گا۔ سردار تنویر الیاس نے کہاکہ اگلے دو ماہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی توقع ہے،بڑے سرمایہ کار گروپ رابطے میں ہیں،جلد باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں