وزیر خارجہ جیسے لوگوں نے اسمبلی کو تباہ کیا، نوازشریف کو 300 ارب کا جواب دینا ہے: عمران خان

اسلام آباد: (سنہرادور آن لائن) عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو 300 ارب کا جواب دینا ہے، خواجہ آصف جیسے لوگوں نے اسمبلی کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا وزیر خارجہ جمہوریت کے لئے دھبہ اور سکیورٹی رسک ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا شریف خاندان کی 16 کمپنیاں تھیں، بلیک کا پیسہ وائٹ کر کے واپس لایا گیا۔ انہوں نے کہا 1992 کے بعد شریف خاندان کی دولت میں اضافہ ہوا، حدیبیہ پیپر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کی جاتی تھی، حسین نواز کی کمپنی ہل میٹل نے 114 کروڑ 68 لاکھ نواز شریف کو بھیجے۔ انہوں نے کہا پنجاب پولیس سے منی لانڈرنگ کرائی گئی، حنیف خان کو 4، عبد الرزاق کو پونے 4 کروڑ روپے ملتے ہیں، پھر جاتی امرا کا ڈرائیور پنوں 5 کروڑ روپے ایک شخص کو بھیج رہا ہے، پنوں ڈرائیور نے 18 کروڑ روپے عاصم محمود کو بھیجے۔ ان کا کہنا تھا ندیم سرور کانسٹیبل کو بھی پیسے مل رہے ہیں، عاصم محمود 24 کروڑ روپے نواز شریف کے ملازموں کو بھیج رہا ہے، 24 کروڑ روپے ڈرائیوروں کو نہیں شریف خاندان کو جا رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا یہاں سے جانے والا کالا دھن سفید ہو کر واپس آتا تھا، یہ لوگ اپنے ملازمین سے منی لانڈرنگ کراتے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا جو شخص جیل میں ہونا چاہئے وہ آج کہتا ہے مجھے کیوں نکالا۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ کو پارلیمنٹیرین نے تباہ کر دیا، خواجہ آصف کے بینک اکاؤنٹ سے پیسہ امریکا جا رہا ہے، ہمارا وزیر خارجہ دبئی میں نوکری کر رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا پاکستان کے خزانے پر ایک چور بٹھا دیا گیا، میرا کام ہے جب قانون ٹوٹے تو اس پر آواز بلند کروں۔ ان کا کہنا تھا نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کر کے زبردست کام کیا، حدیبیہ پیپر ملز اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، حکمران عوام کو قرضوں میں ڈبو رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا سیاسی جماعتوں کا احتجاج انصاف کیلئے تھا، احتجاج کا مقصد بڑا مجمع جمع کرنا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا یہ پارلیمنٹ خفیہ طریقے سے ختم نبوت قانون میں ترمیم کرتی ہے، وزیر قانون نے 2 بار ایوان میں کہا کہ کوئی تبدیلی نہیں کی، پارلیمنٹ کے اندر مافیا اور مجرم بیٹھے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں