وٹامن ای کے یہ پانچ استعمال آپ کو خوبصورت بنا سکتے ہیں

وٹامن ای کے تیل کو باقائدگی سے استعمال کیا جائے تو قدرتی خوبصورتی میں اضافے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

لاہور: (ویب ڈیسک) وٹامن ای ایک اینٹی آکسیڈنٹ اور نیوٹرئینٹ ہے۔ میک اپ کی مصنوعات میں وٹامن ای کے تیل کا استعمال کثیر مقدار میں کیا جاتا ہے کیونکہ یہ جلد کو خوبصورت بناتا ہے اور تروتازہ رکھتا ہے۔

وٹامن ای سپلیمنٹ کی شکل میں بھی ملتا ہے جبکہ بادام، مونگ پھلی، سبزیوں کے تیل، سورج مکھی اور سویابین کے تیل، گندم اور مکئی میں بھی وافر موجود ہوتا ہے۔ بازاروں میں وٹامن ای کا تیل چھوٹے چھوٹے کیپسول میں کافی کم قیمت میں دستیاب ہوتا ہے۔ اس تیل کو باقائدگی سے استعمال کیا جائے تو قدرتی خوبصورتی میں اضافے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

قدرتی خوبصورتی میں اضافے کے لیے وٹامن ای کے تیل کو درج ذیل پانچ طریقوں سے استعمال کریں۔

میک اپ ریموور کے طور پر استعمال کریں

میک اپ زیادہ دیر تک چہرے پر رہے تو جلد کو مردہ بنا سکتا ہے۔ اس لیے روز رات سونے سے پہلے میک اپ کو صاف کرنا چاہئیے۔ میک اپ مٹانے کے لیے وٹامن ای کے تیل کو زیتون کے تیل کے ساتھ ملائیں اور میک اپ ریموور کے طور پر استعمال کریں۔ اس سے آپ کی جلد تا دیر تروتازہ اور چمکتی ہوئی رہے گی۔

حلقوں کا خاتمہ کریں

آنکھوں کے گرد حلقے بہت برے لگتے ہیں۔ خواتین حلقے چھپانے کے لیے مختلف مشقتیں اٹھاتیں ہیں۔ وٹامن ای کے تیل کی مدد سے ان حلقوں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ آنکھوں کے گرد حلقے ختم کرنے کے لیے وٹامن ای کے تیل کو آلو کے رس کے ساتھ ملا کر ایک نرم برش کی مدد سے آنکھوں کے گرد باقائدگی سے لگائیں۔ دو ہفتوں میں حلقوں میں نمایاں کمی دیکھی جا سکتی ہے۔

جلد پر موجود نشانات کا خاتمہ کریں

اپنی جلد کو بے داغ اور چمکدار رکھنے کے لیے باقائدگی سے وٹامن ای کے تیل کا مساج کریں۔ اس تیل کی وجہ سے جلد پر موجود نشانات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ جو خواتین سٹریچ مارکس کی وجہ سے پریشان رہتی ہیں، ان کے لیے وٹامن ای کا تیل بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

بالوں کو خوبصورت بنائیں

وٹامن ای کا تیل بالوں کی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ وٹامن ای کا تیل اور زیتون کے تیل کو باہم ملا لیں۔ اس مکسچر کو بالوں میں لگانے سے ان میں چمک آتی ہے اور بالوں کی نشونما بھی بڑھتی ہے۔

ناخنوں کو صحت مند بنائیں

وٹامن ای کے تیل کا کیوٹیکلز پر باقائدگی سے مساج کیا جائے تو انہیں سیاہ ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ اس مساج کی وجہ سے ناخنوں کی نشونما بھی بڑھتی ہے اور انہیں چمک بھی ملتی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں