’پاکستان کی ترقی کیلئے بینظیر کا کردار ناقابلِ فراموش‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کی شراکت کو دنیا میں پائدار ترقی کا اہم ترین جز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب مستقبل خواتین کا ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی پیشقدمی نمایاں اور خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین تاریخی طور پر بہادر اور پرعزم رہی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ خواتین ماضی کے مقابلے میں بہت آگے آئی ہیں اور اس وقت بھی بہت سارے چیلینجز کے باوجود ان کے آگے بڑھنے کی لگن ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومتوں نے ملک میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و بہبودکے لیے نمایاں اور انقلابی اقدام اُٹھائے ہیں۔

پاکستانی خواتین کی موجودہ ترقی کے پیچھے بینظیر بھٹو  کا کردار ناقابلِ فراموش ہے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی خواتین کی موجودہ ترقی کے پیچھے ایک خاتون کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، اور وہ ہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملکی تاریخ میں کسی مین اسٹریم پارٹی کی پہلی خاتون سربراہ، ملک کی پہلی وزیراعظم، قومی اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر، پارلیامینٹ کے دونوں ایوانوں میں قائد حزب اختلاف جیسے اہم ترین عہدوں پر خواتین کو قیادت کا موقع دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک طرف خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے غیرت کے نام پر قتل، صنفی امتیاز، جنسی ہراسگی، گھریلو تشدد، چھوٹی عمر میں شادی اور اس طرح کے دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی تو دوسری طرف اعلیٰ ایوانوں میں خواتین کو بھرپور نمائندگی، فرسٹ ویمن بینک، خواتین پولیس، کسان خواتین کو زمینیں اور آسان قرضے، سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لیے کوٹہ پر مکمل عملدرآمد، خواتین کو چھوٹے کاروبار کے لیے بلا سود آسان قرضے اور نادار خواتین کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے پروگرامز کے ذریعے ان کی فلاح و بھبود اور انہیں خودمختار بنانے کے لیئے عملی اقدامات اٹھائے۔

پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق مستحکم خواتین مستحکم پاکستان کے خواب شرمندہ تعبیر بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں