پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں سویٹس پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ , سنگین خلاف ورزی پر 2یونٹس مالکان کے خلاف مقدمات درج

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں 1280 سویٹس پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کرتے ہوئے مضر صحت مٹھائی تیار کرنے پر56 کوسیل کر دیا۔حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر263 کو بھاری جرمانہ جبکہ 900 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔سنگین خلاف ورزی پر 2یونٹس مالکان کے خلاف مقدمات درج اور 8 یونٹس کی پروڈکشن اصلاح ہونے تک روک دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی نے صوبہ بھر میں سویٹس پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی۔ صوبہ بھر میں چیکنگ کے دوران1280 سویٹس پروڈکشن یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔لاہور زون میں 450، راولپنڈی 520، ملتان 270 اور مظفر گڑھ زون میں 40 پروڈکشن یونٹس کو چیک کیا گیا۔ مٹھائی کی تیاری میں ٹیکسٹائل رنگوں، سکرین، مصنوئی فلیورز اور کیمیکلز کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ 56 پروڈکشن یونٹس کو سیل جبکہ 263 کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔سنگین خلاف ورزی پر 2یونٹس مالکان کے خلاف مقدمات درج، 900 کو اصلاحی نوٹسز جاری جبکہ 8 یونٹس کی پروڈکشن اصلاح ہونے تک روک دی گئی ہے۔ڈی جی فوڈاتھارٹی کا کہنا تھا کہ پروڈکشن یونٹس میں ناقص سٹوریج، ٹوٹے گندے فریزر، کھلے کوڑا دان کی موجودگی، فوڈ سیفٹی کٹ کا عدم استعمال، زنگ آلود برتنوں مٹھائی اورحشرات کی بھرمار پائی گئی۔صفائی کے ناقص انتظامات، استعمال شدہ تیل اور نیلے ڈرموں کا بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہناتھا کہ معیار کی بہتری کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے جاری کردہ ہدایت نامے سے راہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ہدایت نامہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ یا فیس بک پر ان باکس کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں