پی ایس ایل تھری میں آج 2 میچ کھیلے جائیں گے

پاکستان سپر لیگ میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے جس میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوگی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آج 2 میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔پہلا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کا ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

دن کا دوسرا میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا جو رات 9 بجے شروع ہوگا۔

پی ایس ایل تھری میں کراچی اور ملتان آج پہلی مرتبہ مدمقابل ہوں گی ۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان جیت کے لیے پرامید ہیں۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کے پاس بیٹنگ میں کمار سنگاکارا، احمد شہزاد اور صہیب مقصود جیسے پاورفل ہٹر کے ساتھ بولنگ میں عمران طاہر، جنید خان، عمر گل اور سہیل تنویر جیسے قابل اعتماد بولرز کی خدمات حاصل ہیں۔

دوسری جانب کراچی کنگز نے اب تک ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور کوئی میچ نہیں ہاری، عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز میں بابر اعظم، روی بوپارا، جوئے ڈینلے، شاہد آفریدی، ٹائمل ملز اور محمد عامر شال ہیں۔

آج دن کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، برینڈن میکولم کی قیادت میں لاہور قلندرز اب تک تین میچز کھیل چکی ہے اور تینوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میکولم الیون میں فخر زمان، عمراکمل، سنیل نارائن، عامر یامین، حسن علی اور یاسر شاہ جیسے کھلاڑی شامل ہیں ۔

دوسری جانب مخالف ٹیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کے پاس الیکس ہیلز، سیم بلنگ، جے پی ڈومنی، حسین طلعت، آندرے رسلز، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد سمیع اور رومان رئیس ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں