پی ایس ایل فائنل: غیرملکی ماہرین کراچی میں سیکورٹی انتظامات پر مطمئن

پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان پہنچنے والے سیکورٹی وفد نے کراچی میں سیکورٹی انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل دیکھی اور انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔

غیرملکی سیکورٹی ماہرین نے پاکستان سپر لیگ فائنل کے لئے کیے جانے والے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس میں غیرملکی سیکورٹی ماہر رگ ڈیکاسن کا کہنا تھا کہ آج مختلف سیکورٹی ایجنسیز نے بریفنگ دی جب کہ کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کے لئے سیکورٹی انتظامات حوصلہ افزا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے سیکورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں جو کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں اور اس حوالے سے چند روزمیں رپورٹ دوں گا۔

واضح رہے کہ ریگ ڈیکاسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) کے ساتھ منسلک ہیں اور وہ سیکورٹی انتظامات سے متعلق اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیجیں گے۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے میڈیا سے بات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی سیکورٹی کے لئے ہرممکن اقدامات کیے جب کہ رگ ڈیکاسن بھی سیکورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوگا اور کوشش ہےکہ سندھ کے عوام کو کرکٹ واپس ملے۔

پی ایس ایل فائنل کے لئے فل ڈریس ریہرسل کی گئی جس میں ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک غیرملکی کھلاڑیوں کو لانے کی مشق کی گئی۔

واضح رہے کہ 22 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے تمام لیگ میچز دبئی اور شارجہ میں جبکہ پلے آف کے 2 میچز لاہور اور فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں 80 جدید کیمرے نصب
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 80کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ جدید ماسٹر کنٹرول روم میں دو درجن ایل سی ڈیز بھی لگائی گئی ہیں، جدید کیمرے رات کے اندھیرے میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

پاکستان سپر لیگ فائنل کی ریہرسل کے موقع پر نیشنل اسٹیدیم میں جدید ماسٹر کنٹرول روم تیار کیاگیا ہے ، جہاں پر دو درجن ایل سی ڈی نصب ہیں ، جہاں سے اسٹیڈیم کے اندر اور اطراف میں لگائے گئے 80کیمروں کی مانیٹرنگ ریکارڈنگ کی جائے گی ، ہر انٹری گیٹ پر بھی جدید کیمرہ نصب ہے ۔

کنٹرول روم کے انچارج قیصر عباس نے بتایا کہ یہ پاکستان کا جدید ترین کنٹرول روم ہے ۔

اسٹیڈیم میں نائٹ ویژن کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں جو رات کے اندھیرے میں بھی کام کریں گے، اسٹیدیم میں بیٹھے ہر شخص اور باہر سے گزرتی ایک ایک گاڑی کو بآسانی مانیٹر کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں