پی ایس ایل 3کا کامیاب انعقاد عوام کی فتح ہے، شہباز شریف

پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کہتے ہیں کہ پی ایس ایل تھری کا کامیاب انعقاد 22کروڑ عوام کی فتح ہے۔

لندن سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا مزید کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا پُرامن انعقاد پاکستانیوں کی کھیلوں سے محبت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم نے اپنے عزم کا اظہار کر کے امن دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے،پی ایس ایل تھری میں جیت پُرامن پاکستان کی ہوئی ہے۔

شہبازشریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پُرامن پاکستان کے لیے پوری قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیں، قوم کی قربانیوں سے پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تہنیتی پیغام میں پی ایس ایل تھری جیتنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارک باد دی ہے۔


انہوں نے کہا ہے کہ اگر کامران اکمل کیچ پکڑ لیتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا، بہرحال اچھا کھیل دیکھنے کو ملا۔

شہباز شریف نے تمام کھلاڑیوں کا پی ایس ایل کو بہترین تفریحی ایونٹ بنانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے اس حوالے سے زبردست کام کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں