پی ٹی آئی کی سائرہ شمس القمر نے عزم و ہمت کی شاندار مثال رقم کردی

دیر : معذوری رکاوٹ بنی نہ فرسودہ نظام کی سختیاں، دیر میں خاتون عزم و ہمت کی شاندار مثال بن گئی، دونوں ٹانگوں سے معذور سائرہ شمس لوئر دیر کی پہلی خاتون کونسلر منتخب ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں تبدیلی آگئی، ایسا علاقہ جہاں خواتین ووٹ ڈالنے میں ہچکچاتی ہیں، وہاں پہلی بار خاتون کونسلر منتخب ہوگئی، یونین کونسل بلام بٹ سے پی ٹی آئی کی سائرہ شمس القمر نے میدان مار لیا، ماں نے بھرپور ساتھ دیا۔

خاتون کونسلر نے ماں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھی ہوں یہ سب امی کی محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے، حلف اٹھاتے ہوئے بہت فخر محسوس کیا، اگر معذور افراد چاہیں تو معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

دیر کی 27 سالہ سائرہ پیدائش سے جسمانی معذوری کا شکار ہے لیکن اس کے باوجود خواتین کیلئے مختلف فورمز پر آواز اٹھاتی رہی، پر عزم خاتون نے عبدالولی خان یونیورسٹی سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 21 دسمبر کو بلدیات کے ضمنی انتخابات میں دیر کی رجسٹرڈ 6 ہزار 900 خواتین میں سے کسی نے ووٹ نہیں ڈالا تھا۔ سائرہ کی خواہش ہے کہ خواتین اپنے حق کیلئے باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں