چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ شی جن پنگ کودوبارہ صدر بننے پر مبارکباد دیتاہوں،چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے باؤفورم سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ والہانہ مہمان نوازی پرچینی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ کی تکمیل ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، دس ہزامیگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی گئی ہے،سی پیک پاکستان اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا،پاکستان کی ترقی کی شرح دس سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایشیاء معاشی آرڈر میں مرکزی حیثیت اختیار کر رہا ہے، چین عالمی تجارت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، بیلٹ اینڈروڈ منصوبہ عالمی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاک چین تعلقات بے مثال ہیں، ہائی ویز اور موٹر ویز پر صنعتی منصوبے سی پیک کا اہم حصہ ہیں، 2050ء میں پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائے گا۔

شاہدخاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شرح نمو سالانہ 6فیصد کے حساب سے ترقی کر رہی ہے، علی بابا کمپنی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہش مند ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ سی پیک میں شامل گوادر بندرگاہ عالمی تجارتی مرکز بننے والی ہے، پاکستان کی شرح نمو سالانہ 6فیصد کے حساب سے ترقی کر رہی ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا ہے کہ چین، پاکستان، افغانستان سہ فریقی فریم ورک اسی سلسلے کی کڑی ہے، چینی کہاوت ہے پہاڑ ہلانے سے پہلے پتھر ہٹانا ہوتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پتھر ہٹانے اور پہاڑ ہلانے کا وقت آچکا ہے ، اقتصادی ترقی اور خوشحالی امن اور برداشت کو فروغ دیتی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان چین کی ترقی کو فخر سے دیکھتا ہے، ہم ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کو عالمی ترقی کے لیے بہت اہم دیکھتے ہیں، اس منصوبے نے عالمی معیشت کو بدل کر رکھ دیا، ایشیاء ترقی کی نئی حدود کو چھو رہا ہے، انسان آج ٹیکنالوجی کی انتہاؤں کو چھو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں