چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی ردعمل کی ضرورت ہے، آرمی چیف

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی ردعمل کی ضرورت ہے، امن کے حصول کے لیے قوم نے بے پناہ قربانیاں دیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تیسرے بلوچستان قومی سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم نے امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی ردعمل کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر مربوط قومی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی بلوچستان کی خوشحالی سے منسلک ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے آرمی کا سیکیورٹی ورکشاپ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ قومی ترقی میں اپنا کردار بہتر طور پر ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں