کراچی،پہلوان گوٹھ تا کامران چورنگی تجاوزات کا خاتمہ

کراچی میں عدالتی حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، محکمہ انسداد تجاوزات سیل نے گلستان جوہر میں پہلوان گوٹھ سے کامران چورنگی تک تجاوزات کا خاتمہ کیا اور 200 سے زائد غیر قانونی دکانیں مسمار کیں۔

سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں قائم تجاوزات کو گرانے کا سلسلہ جاری ہے، گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ سے لے کر کامران چورنگی تک محکمہ انسداد تجاوزات سیل اور کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کی جانب سے مشترکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔

محکمہ انسداد تجاوزات کے عملےکے مطابق آج کے آپریشن میں پہلوان گوٹھ میں قائم مکان اور دکانوں کے سن شیڈز اور سینکڑوں دکانوں کے آگے تجاوز کئے گئے فٹ پاتھ اور غیر قانونی دکانیں گرا دی گئیں۔

آپریشن میں بھاری مشینوں کے ذریعے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، انسداد تجاوزات حکام کا کہنا ہے تمام قابضین کو آپریشن سے دو ہفتے قبل نوٹسز دئیے گئے تھے اور آپریشن شہر سے تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں