کراچی، پہلوان گوٹھ میں لگی آگ بجھا دی گئی

کراچی کے علاقے گلستان جوہر،پہلوان گوٹھ میں لگی آگ بجھا دی گئی، آگ کے باعث 3 دکانیں مکمل طور پر جل گئیں، عمارت میں واقع فلیٹ میں رہائش پذیر افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

پولیس کے مطابق پہلوان گوٹھ میں گلستان جوہر تھانے کے قریب اے سی ریپیئر کی دکان میں آگ بھڑک اٹھی، آگ اتنی شدید تھی کہ ساتھ میں متصل2 دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دکانوں کے اوپر واقع تین منزلہ رہائشی عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کی آگ اور دھوئیں کے باعث حالت غیر گئی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عمارت میں پھنسے رہائشی افراد کو باہر نکالا۔

ابتدائی طور پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی بعد میں فائر بریگیڈ کے 2 فائر ٹینڈر پہنچنے پر آگ پر مکمل قابو پالیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں