کراچی، ڈیفنس میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 جاں بحق

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ کے واقعے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ ایک  زخمی ہے۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈیفنس فیز 6 خیابان بخاری میں پیش آیا جس میں شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت خالد محمود کے نام سے ہوئی ہے۔

خالد محمود درخشاں تھانے میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا اور وہ اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہا تھا جبکہ دوسرا جاں بحق ہونے والا شخص ایک راہ گیر بتایا جاتا ہے اور اس کی شناخت رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔  

پولس ذرائع کا بتانا ہے کہ سفید رنگ کی ٹویوٹا ہائی لیکس میں سوار 2 افراد کی جانب سے یہ فائرنگ کی گئی ہے۔

ایس پی کلفٹن کے مطابق عینی شاہد نے بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان نشے کی حالت میں تھے اور وہ گشت پر موجود اہلکاروں کے پہنچنے پر گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت سعید احمد  کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں