کراچی: صوبائی وزیر میر ہزار خان بجرانی اور اہلیہ کی لاشیں ڈیفنس سے برآمد

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر میر ہزار خان بجرانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی لاشیں ڈیفنس میں واقع ایک گھر سے برآمد ہوئی ہیں۔ایس پی کلفٹن کے مطابق مددگار 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ ڈیفنس میں واقع ایک گھر میں 2 لاشیں موجود ہیں۔

میر ہزار خان بجرانی کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی کہ ڈیفنس میں واقع ان کے گھر سے صوبائی وزیر اور ان کی اہلیہ کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ فائرنگ گھر میں سے ہی کسی نے کی یا کوئی باہر سے آیا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چند حلقوں کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی۔میر ہزار خان بجارانی کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر ترین رہنماؤں میں ہوتا ہے، وہ 1990 سے 1993 اور 1997 سے 2013 تک رکن قومی اسمبلی رہے۔

2013 کے عام انتخابات میں میر ہزار خان بجارانی سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 16 سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور اس وقت ان کے پاس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت کا قلمدان تھا۔وہ جیکب آباد سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں