کراچی: فائرنگ سے 3 افراد زخمی، 3 ملزمان گرفتار، 6 زیر حراست

کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے نتیجے میں3 ملزمان گرفتار کرلئے جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔

سائٹ سپرہائی وے میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے گھر گھر کی تلاشی لی، علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیے اور اس دوران 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پیرآباد میں پولیس نے کارروائی کرکے خیبر پختون خوا میں بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ملزم وقار غنی نوشہرہ میں اپنے بھائی کو قتل کر کے کراچی فرار ہو گیا تھا، ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مچھر کالونی سے پولیس نے منشیات فروش عرفان کو منشیات سمیت گرفتار کر لیا، ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت کرنے پر اشفاق جبکہ شارع فیصل ایف ٹی سی کے قریب فائرنگ سے اقتدار اور ظاہر زخمی ہوگئے۔

سہراب گوٹھ سے پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اسٹریٹ کرمنل نصیر خان کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل ملی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں