کراچی: فائرنگ سے 4 زخمی، ٹارگٹ کلر اور گینگسٹر گرفتار

کراچی میں مختلف علاقے میں پیش آنے والے جرائم کے مختلف واقعات میں 4 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ایک ٹارگٹ کلر اور ایک گینگسٹر کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں فائرنگ سے 2افراد زخمی ہو گئے، ایم اے جناح روڈ کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کر کے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا۔

سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہل سنت والجماعت سے تعلق رکھنے والے 2کارکن زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کی شناخت مومن خان اور عبدالوحید کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

سی ٹی ڈی پولیس نے ایم کیو ایم لندن کے ایک ٹارگٹ کلر غیاث احمد عرف منا کو گرفتار کر لیا، ملزم سے دستی بم، گولیاں اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم سنی تحریک کے کارکن احمد علی مگسی کے چچا، ایجوکیشن ڈائریکٹر کے قتل میں بھی ملوث ہے۔

ادھر لیاری نوا لین میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم زخمی ہے جس کی شناخت شیراز کےنام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلہ گروپ سے ہے۔

قائدآباد پل کے نیچے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر دو بھائیوں کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں