کراچی میں بارش کا سسٹم کمزور پڑ گیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے، شہرکا موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، چند مقامات پربوندا باندی کا امکان ہے۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے اطراف 16اعشاریہ 4 میٹر ریکارڈ کی گئی، پہلوان گوٹھ میں 5اعشاریہ 6، سرجانی ٹاؤن میں 11اعشاریہ 8اور ناظم آباد میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

کراچی کے علاوہ حیدرآباد، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، خیرپور، کوئٹہ، نوشکی، زیارت، ہرنائی، ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ بگٹی میں بھی بارش ہوئی۔

کراچی میں گلشن اقبال، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ ، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، ڈیفنس، کلفٹن سمیت متعدد علاقوں میں رات کو کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

ملیر، سعود آباد، جناح اسکوائر اور فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس میں موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا، شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔

بارش شروع ہوتے ہی ملیر، لانڈھی، کورنگی، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد ،فیڈرل بی ایریا ، اورنگی ٹاون میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، ان علاقوں میں بجلی صبح ٓ بجے بحال ہونا شروع ہوئی ہے۔

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،پاکپتن، قصور، جھنگ، ملتان، ایبٹ آباد، پشاور،چارسدہ، مانسہرہ اور میرپور آزاد کشمیر میں بھی بادل برسےجس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔

استورمیں شدید برفباری سے پائپ لائنوں میں پانی جم گیا جس کے باعث پینے کے پانی کی قلت ہوگئی۔

چمن، قلعہ عبداللہ، ژوب، کوہ سلیمان اور اطراف جبکہ وادی نیلم کے زیریں اور بالا ئی علاقوں میں برف باری ہوئی۔

چوبیس گھنٹے کے دوران اسکردو میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 19ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں