کراچی: 2 منشیات فروش خواتین سمیت 52 افراد گرفتار

کراچی کے علاقے ریڑھی گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کر کے 2 منشیات فروش خواتین کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار خواتین متعدد علاقوں میں منشیات کی فراہمی کا کام کرتی تھیں۔

سی ویو پر پولیس نے کارروائی کرکے ون وہیلنگ کرنے اور موٹر سائیکل کی ریس لگانے والے 50 سے زائد افراد کو بھی گرفتار کیا ہے۔

ریڑھی گوٹھ مچھلی بازار میں پولیس نے کارروائی کرکے 2 منشیات فروش خواتین کو گرفتار کرکے 7 کلو سے زائد بہترین کوالٹی کی چرس برآمد کی ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار خواتین منشیات فروخت کرنے والے گروہ کو چرس فراہم کرتی تھیں۔

گرفتار خواتین کی شناخت رشیدہ اور خدیجہٰ عرف ویلوکے نام سے ہوئی ہے،یہ ملزمان خواتین شہر کے متعدد علاقوں میں منشیات کی فراہمی کا بھی کام کرتی تھیں، ملزمان کے خاندان کے دیگر افراد بھی منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔

دوسری جانب سی ویو پر ون وہیلنگ اور موٹر سائیکل کی ریس لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں پولیس نے 50 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے موٹر سائیکلیں ضبط کر لی ہیں۔

پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن سی ویو پر بڑھتے ہوئے حادثات کے باعث آلٹر موٹرسائیکلوں اور شرط لگا کر ریس لگانے والوں کے خلاف کیا گیا ہے، جبکہ گرفتار افراد کو شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں