کشمیریوں پر بھارتی مظالم، پاکستان کی انسانی حقوق کونسل میں مخالفت

پاکستان نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا معاملہ انسانی حقوق کونسل میں اٹھا دیا ۔ جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں نائب پاکستانی مندوب طاہر اندرابی نے اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دینے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب میں نائب پاکستانی مندوب طاہر اندرابی نے کہا کہ اقوام متحدہ کمیشن کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہ دینا وہاں ہونے والے مظالم پر پردہ ڈالنے کی بھارتی کوشش ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو غیر قانونی اور مسائل کی بنیاد قرار دیا۔

پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرنے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے پر زور دیا۔

پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو کسی بھی طرح دہشت گردی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں