کوئٹہ الرٹ! چرچ پرخودکش حملہ،5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کوئٹہ میں زرغون روڈ پر چرچ میں خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق چرچ کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد چرچ کے قریب واقع عمارت میں دو دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے داخل ہوئے۔

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرغون روڈ پر چرچ پر حملہ کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نےجیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چرچ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا،حملہ کرنے والے دو خودکش حملہ آور تھے۔ایک دہشت گردنے خود کو اڑایا اور دوسرا مارا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دہشت گرد مرکزی دروازے پر اور دوسرا دہشت گرد چرچ کے احاطے میں مارا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے جبکہ متعدد ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لےلیا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں واقعے کی جگہ روانہ ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت چرچ میں دعائیہ تقریب جاری تھی۔

دھماکے کے بعد کوئٹہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

قانون نافذکرنے والے اہلکاروں نے زرغون روڈ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کردیا گیا اور جائے وقوعہ پر موجود افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل شروع کردیاجبکہ صحافیوں کو بھی جائے وقوعہ سے دور کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ کا کہنا ہے کہ 4 زخمیوں کو سول اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں