کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے کھلاڑی لاہور پہنچ گئے

لاہور: پی ایس ایل 3 یو اے ای میں اپنے انتہائی دلچسپ اور نئے نئے ورلڈ ریکارڈ بنانے کے بعد پلے آف میں پہنچنے والی 2ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے کھلاڑی تمام خدشات اور تحفظات کو نظرانداز کرتے ہوئے لاہور پہنچ گئے۔ کھلاڑیوں اور ان کے ساتھ آنے والے آفیشلز کو سخت سیکیورٹی میں مقامی ہوٹل پہنچا دیا گیا۔دبئی اور شارجہ کے بعد اب لاہور کے تاریخی میدان قذافی اسٹیڈیم میں پلے آف کے 2میچز 20 اور 21مارچ کو کھیلے جائےں گے۔ اہم میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے درمیان ہو گا۔جیتنے والی ٹیم کو دبئی کا پلے آف میچ ہارنے والی ٹیم کے ساتھ 21مارچ کو دوبارہ کھیلنا ہو گا جو اصل سیمی فائنل کی شکل اختیار کرے گا۔ اس میں جیتنے والی ٹیم دبئی کا پلے آف جیتنے والی ٹیم کے ساتھ 25مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فائنل کھیلے گی۔غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کل ہو گی، پی ایس ایل کے سپر اسٹارز کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایاگیا۔ پی ایس ایل ٹو کی فائنلسٹ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بار پھر زندہ دلان کے شہر میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ کرکٹ کے متوالوں اور دیوانوں نے بھی میچز دیکھنے کی تیاریاں کر لیں۔ ٹکٹوں کی آن لائن خریداری نے میچزکو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں